۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
شش ماہی علمی تخصصی راہ استنباط  کا دوسرا شمارہ شائع ہوگیا

حوزہ/ راہ استنباط فقہی نظریات کی روشنی میں معاصر مسائل کے حل کی جانب ایک ابتدائی قدم ہے جسکے دوسرے شمارے میں اسلامی تہذیب کے بعض اہم پہلووں پر اہل قلم کی تحقیقات پیش کی گئی ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلہ راہ استنباط کے مدیر اعلیٰ سکندر علی بہشتی نے حوزہ نیوز کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: المصطفی انٹر نیشنل یونیورسٹی کی جانب سے تحقیقی مجلہ راہ استنباط فقہی موضوعات پر جدید تحقیقات پیش کرنے کے لیے شائع کیاجاتا ہے۔

انہوں نے جدید فقہا ومصلحین کے نظرہات کے حوالے سے کہاکہ: انسانی معاشرے کی تعمیرو ترقی فلاسفہ،مفکرین ومصلحین کی نظر میں سب سے اہم پہلو رہاہے۔عصر حاضر میں مادی تہذیب اور مغربی تمدن کی آنکھوں کوخیرہ کرنے والی ترقی و پیشرفت کے باوجود انسانیت روز بروزتباہی وبربادی کی جانب گامزن ہے۔ بشریت ایسے نظام کی تلاش میں ہے جو انسانی اقدار کو عملی نمونوں کے ساتھ پیش کرے اور موجودہ گرداب سے نجات عطا کرئے۔

بعنوان مفکر و مصلح رہبر انقلاب کے افکار کی اہمیت کے حوالے سے سکندر بہشتی کا کہنا تھا: مسلم مفکرین میں سرفہرست آیت اللہ خامنہ وہ جامع و عالمی مفکر ہیں جنہوں نے اس سلسلے میں واضح راہ حل کی جانب تفصیل سے گفتگو کی ہے۔ راہ استنباط فقہی نظریات کی روشنی میں معاصر مسائل کے حل کی جانب ایک ابتدائی قدم ہے۔ پہلے شمارے میں اسلامی تہذیب کےحوالے سے بیانیہ گام دوم کے تناظر میں کچھ ا ہم موضوعات پیش کیا گیا تھا۔

دوسرے شمارے کے موضوعات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ:دوسرے شمارے میں بھی اسلامی تہذیب کے بعض اہم پہلووں پر اہل قلم کی تحقیقات پیش کی گئی ہے ۔ پہلا مقالہ قیام امام خمینی اور انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی اثرات ہے۔جس میں امام خمینی کے افکار اور دنیا کی تاریخ، سیاست اور بین الاقوامی مسائل پر امام خمینی کے اثرات کاجائزہ لیاگیا ہے۔ جب کہ دوسرے مقالے میں فقہ وفقہا کے آرا کی روشنی میں دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کے تین اہم اصول عزت،حکمت اور مصلحت پر مستند تحقیق پیش کی گئی ہے۔ تیسرے مقالے میں فقہی تناظر میں کفار کے تسلط کی ممانعت کاتحقیقی جائزہ لیا گیا ہے۔ چوتھے مقالے میں اسلام میں اقتصاد کامقام اور اہمیت پر دقیق تجزیہ کیا گیا ہے۔پانچویں اور چھٹے مقالے میں اسلامی طرز زندگی کے حوالے سے قرآن وسنت اور سیرت اہل بیت کی روشنی میں جامع تجزیہ بیان کیا گیا ہے۔

مذکورہ موضوعات جدیداسلامی تہذیب کے چند اہم پہلو ہیں۔جن پر توجہ سے اسلامی ممالک کے مسائل قرآنی وفقہی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .